خاتون کے گھر میں چوری، پولیس نے تحقیقات شروع کیں تو ایسا انکشاف کہ پیروں تلے زمین نکل گئی

نئی دہلی(قدرت روزنامہ) بھارت میں ایک خاتون نے گھر میں 13لاکھ 21ہزار بھارتی روپے (تقریباً 29لاکھ 33ہزار پاکستانی روپے) کی چوری کی رپورٹ درج کروائی اور جب پولیس والوں نے تحقیقات کیں تو ایسا انکشاف ہوا کہ خاتون کے پیروں تلے زمین نکل گئی . چور کوئی اور نہیں بلکہ خود اس خاتون کی اپنی بیٹی تھی جس نے ایسے مقصد کے لیے گھر میں واردات کی کہ خاتون کو دوہرا جھٹکا لگ گیا .


انڈیا ٹائمز کے مطابق یہ خاتون ممبئی کے نواحی شہر ٹھانے کی رہائشی تھی جس نے بتایا کہ اس کے گھر رات کو چور گھسے اور سونے اور چاندی کے زیورات اور نقدی چوری کرکے لے گئے. چوروں کے پاس بیرونی دروازے کی اضافی چابی موجود تھی جس سے انہوں نے دروازہ کھولا. رپورٹ کے مطابق پولیس نے تحقیقات شروع کیں تو انکشاف ہوا کہ گھر میں چوری کی یہ واردات اس خاتون کی 21سالہ بیٹی نے اپنے 21سالہ بوائے فرینڈ کے ساتھ مل کر کی تھی. لڑکا لڑکی دونوں طالب علم ہیں. لڑکی بیچلر آف آیورویدک میڈیسن اینڈ سرجری کی طالبہ ہے اور گزشتہ دو سال سے امتحان میں فیل ہو رہی ہے. اس کا بوائے فرینڈ پارتیک تشار لالے اپنے ایک دوست ہیمنت دلیپ سونڈانے کے ہمراہ گھر آیا اور لڑکی نے چوری کا سامان انہیں دے دیا اور وہ چلے گئے. بعد ازاں لڑکی نے گھر کا سامان ادھر ادھر بکھیر دیا اور چوری کا ڈرامہ رچا دیا. پولیس نے پارتیک اور ہیمنت دونوں کو گرفتار کر لیا ہے اور ان کے قبضے سے اب تک 8لاکھ بھارتی روپے کے زیورات اور نقدی برآمد ہو چکی ہے. پولیس نے خاتون کی بیٹی کو بھی شریک ملزم کے طور پر مقدمے میں نامزد کیا ہے تاہم اسے تاحال گرفتار نہیں کیا گیا.

..


Top