وزیر اعظم عمران خان نے عید الاضحی کی مبارکباد دیتے ہوئے قوم کے نام شاندار پیغام جاری کردیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ عید الاضحی کے موقع پر قربانی کا مقصد اس عزم کا اعادہ ہے کہ راہ حق پر چلنے اور عزیمت اور استقامت اختیار کرنے میں ہمیں جو بھی مشکلات پیش آئیں اور جیسی بھی قربانی دینی پڑے ہم اس سے دریغ نہیں کریں گے،ساری دنیا اس وقت انتہائی نازک صورتحال سے گزر رہی ہے . کرونا وائرس کی وبا ساری انسانیت کے لیے ایک چیلنج بن کر آئی ہے، اس وبا نے دنیا بھر میں معاشرتی اور اقتصادی نظام کو ہلا کر رکھ دیا ہے،قوم سے یہ درخواست ہے کہ عید قربان کے موقع پر تمام احتیاطی تدابیر اختیار اور قربانی کا واجب فریضہ سر انجام دیتے ہوئے غریب اور ضرورت مند طبقے کو بھی اپنے ساتھ شامل رکھیں .

عید الاضحی کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ میں عید الاضحی کے پر مسرت موقع پر پوری قوم اور ملت اسلامیہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، اللہ تعالی کا فضل وکرم ہے کہ ہمیں اس نے سنت ابراہیمیؑ کی ادائیگی کی توفیق عطا فرمائی،عید الاضحی کے موقع پر قربانی کا مقصد اس عزم کا اعادہ ہے کہ راہ حق پر چلنے اور عزیمت اور استقامت اختیار کرنے میں ہمیں جو بھی مشکلات پیش آئیں اور جیسی بھی قربانی دینی پڑے ہم اس سے دریغ نہیں کریں گے.انہوں نے کہا کہ سیدنا حضرت ابراہیم علیہ السلام اللہ تعالی کے حکم کی تعمیل میں اپنے بیٹے کو قربان کرنے پر بھی آمادہ ہوگئے،عید الاضحی کے موقع پر انہی کی سنت پر عمل پیرا ہو کر ہم اللہ تعالی کی بارگاہ میں جانور کی قربانی کا نذرانہ پیش کرتے ہیں اور اس بات کا اظہار کرتے ہیں کہ اللہ تعالی کے ہر حکم اور امر کو پورا کرنے کے لیئے ہم مالی اور جانی قربانی پیش کرنے کے لیے راضی اور تیار ہیں. انہوں نے کہاکہ عزیز ہم وطنو!ساری دنیا اس وقت انتہائی نازک صورتحال سے گزر رہی ہے،کورونا وائرس کی وبا ساری انسانیت کے لیے ایک چیلنج بن کر آئی ہے، اس وبا نے دنیا بھر میں معاشرتی اور اقتصادی نظام کو ہلا کر رکھ دیا ہے،پاکستان بھی دیگر ممالک کی طرح اس وبا سے نمٹنے کے لئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لا رہا ہے،اس وبا کی روک تھام کی خاطر حکومت کو لاک ڈاؤن جیسے اقدامات اٹھانے پڑے جس سے دیہاڑی دار طبقے پر معاشی طور پر منفی اثرات مرتب ہوئے. وزیراعظم نے کہاکہ میری پاکستانی قوم سے یہ درخواست ہے کہ عید قربان کے موقع پر تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے قربانی کا واجب سر انجام دیتے ہوئے غریب اور ضرورت مند طبقے کو بھی اپنے ساتھ شامل رکھیں،میری اللہ تعالی سے دعاہے کہ وہ اس وبا سے نبرد آزما تمام لوگوں کی حفاظت فرمائے اور انہیں اپنے شایان شان بہترین اجر عطا فرمائے اور ہمیں جلد از جلد اس سے نجات عطا فرمائے.

..


Top