عید الاضحیٰ کے موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے تحریک انصاف حکومت کے نام حیران کن پیغام جاری کردیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عید الاضحیٰ ہر مسلمان کو ایک اعلیٰ مقصد کی خاطر قربانی دینے کے لئے ہمہ وقت تیار رہنے کی یاد دہانی کراتی ہے, لہذا عید الاضحی کے موقع پر ہر مسلمان کو اپنی اَنا کو قربان کرنے کا عزم کرنا ہوگا اور اس کے ساتھ ساتھ ایک عظیم مقصد کے لئے متحد ہو کر کام کرنا ہوگا . عیدالاضحیٰ کے موقع پر جاری کردہ اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے پوری دنیا میں آباد مسلمانوں کو اپنی جانب سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں دنیا بھر میں آباد مسلمانوں اور خاص طور پر پاکستان کے مسلمان شہریوں کو آج کے پرمسرت موقع پر مبارکباد پیش کرتا ہوں .

انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے اس پرمسرت موقع پر میں ملک کے حکمرانوں پر زور دیتا ہوں کہ وہ اپنی پھولی ہوئی اَنا کو چھوڑ دیں اور عوام کو اس حقیقی مقصد و کاز کے لئے متحد کرنے کی کوشش کریں جو واقعی قومی ہو اور کسی کی بھی ذات سے بلند ہو. پی پی پی چیئرمین نے عوام پر زور دیا کہ وہ یہ عید نہایت سادگی کے ساتھ منائیں اور اس دوران معاشرتی دوری اور مہلک وباء کے دوران احتیاطی تدابیر پر عمل کریں،میں عوام کو بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے کم خوش نصیب بھائیوں کو بھی عید کی خوشیوں میں یاد رکھیں جو غربت کے باعث زندگی کی بنیادی ضروریات سے محروم ہیں اور ان کے ساتھ سخاوت سے پیش آئیں. انہوں نے کہا کہ اسلام ہمیں درس دیتا ہے کہ دوسروں کے ساتھ سخاوت سے پیش آنے والوں کو اللہ تعالیٰ اپنے فضل و کرم سے دگنا عطا کرتا ہے،اسلام کا پیغام معاشرتی انصاف کا پیغام ہے اور اپنی برادری کے حوالے سے ہم پر ایک ذمہ داری عائد ہوتی ہے، جس کے ذریعے ہم زندگی میں ایک اعلی مقصد حاصل کر سکتے ہیں.

..


Top