برطانوی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی پی آئی اے کی پروازیں معطل کر دیں

اسلام آباد/لندن (قدرت روزنامہ) برطانوی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی پی آئی اے کی پروازیں معطل کر دیں، ترجمان سی اے اے کے مطابق برمنگھم، لندن اور مانچسٹر سے پی آئی اے کی پروازیں معطل کی جا رہی ہیں، پورپئین یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کے فیصلے کے تناظر میں پروازیں معطل کر رہے ہیں . انہوں نے کہا ہے کہ قانون کے مطابق ای اے ایس اے کے فیصلے کے بعد پروازیں معطل کرنے کے پابند ہیں .

خیال رہے کہ اس سے قبل یورپین یونین ائیرسیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے کا فضائی آپریشن اجازت نامہ 6 ماہ کیلئے معطل کردیا ہے. ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ پی آئی اے نے یورپ کیلئے تمام پروازیں عارضی طور پر مسنوخ کردی ہیں. معطلی کا اطلاق یکم جولائی 2020 رات 12بجے یوٹی سی ٹائم کے مطابق ہوگا. جن مسافروں کے پاس پی آئی اے کی بکنگ ہے، وہ چاہیں تو بکنگ آگے کرالیں یا ریفنڈ حاصل کرلیں. اب برطانوی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی پی آئی اے کی پروازیں معطل کر دی ہیں. دوسری جانب سابق ایم ڈی پی آئی اے اعجاز ہارون نے یورپ کی جانب سے پی آئی اے پر 6 ماہ کیلئے پابندی لگنے کے بعد خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پوری دنیا آنے والے دنوں میں پی آئی اے پر پابندی لگا سکتی ہے. انہوں نے کہا ہے کہ کراچی طیارہ حادثے کی رپورٹ کی وجہ سے کچھ روز میں خلیجی ممالک اور پھر پوری دنیا کی جانب سے پی آئی اے پر پابندی لگ سکتی ہے. اعجاز ہارون نے کہا ہے کہ یورپ میں فضائی آپریشن کیلئے قوانین بہت سخت ہیں، اس سے قبل بھی پی آئی اے پر پابندیاں لگ چکی ہیں اور اب تو پوری دنیا پی آئی اے پر پابندی لگا سکتی ہے. دوسری جانب پائلٹس کے مشکوک لائسنس کے اسکینڈل کے بعد قومی ایئرلائن کا جعلی ٹکٹ سکینڈل بھی سامنے آگیا ہے. بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے کے عہدیداروں نے یورپ کے لیے خصوصی پروازوں کی جعلی ٹکٹس کی فروخت میں تقریباً 80 لاکھ روپے کمائے ہیں.

..


Top