ماسک پہننے کا کہنے پر سرکاری افسر آپے سے باہر، معذور ساتھ خاتون پرتشدد ، ویڈیو وائرل

      نئی دہلی(قدرت روزنامہ)بھارت میں معذور ساتھی خاتون کی جانب سے دفتر میں ماسک پہننے کی تاکید کرنے پر ڈپٹی مینیجر نے اسے بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا . بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ آندھرا پردیش میں پیش آیا جہاں محکمہ سیاحت کے دفتر میں سرکاری افسر نے خاتون ملازم کو بال پکڑ کر بری طرح گھسیٹا اور آہنی راڈ سے تشدد کا نشانہ بنایا، واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی .

بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ حکومت نے کورونا وبا کے باعث دفاتر میں ماسک کا استعمال لازم قرار دیا ہے اور محکمہ سیاحت کے دفتر میں معذور خاتون نے اپنے ڈپٹی مینیجر کو ماسک پہننے کا کہا جس پر وہ طیش میں آگیا اور خاتون کو بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا. محکمہ سیاحت کے ڈپٹی مینیجر کی شناخت بھاسکر کے نام سے ہوئی جب کہ خاتون کو تشدد کا نشانہ بناتے وقت دفتر کے دیگر ملازمین بھی وہاں موجود تھے جنہوں نے خاتون کی جان بچائی.واقعے کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس شخص نے ماسک نہیں پہنا ہوا اور وہ اچانک خاتون کی سیٹ پر آکر اسے بالوں سے گھسیٹ کر تشدد کا نشانہ بناتا ہے.

..


Top