عید سے قبل مزدور طبقے کو 75 ارب روپے دینے کا فیصلہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) عید سے قبل مزدور طبقے کو 75 ارب روپے دینے کا فیصلہ، کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے دہاڑی دار مزدوروں اور محنت کشوں کو عید سے قبل امدادی رقم فراہم کرنے کیلئے احساس کیش ایمرجنسی پروگرام کی منظوری دے دی . تفصیلات کے مطابق بتایا گیا ہے کہ وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے دہاڑی دار مزدوروں اور محنت کشوں کیلئے خصوصی طور پر احساس کیش ایمرجنسی پروگرام کی منظوری دی ہے .

اس پروگرام کے تحت مزدور طبقے کو عید سے قبل 75 ارب روپے کی رقم فراہم کی جائے گی. یہ تمام رقم قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کے تحت آبادی کے حصے کے مطابق صوبوں میں تقسیم کی جائے گی. 43 فیصد رقم وفاق جبکہ 57 فیصد رقم صوبوں کے ذریعے فراہم کی جائے گی. منصوبے کے تحت پنجاب کو 51 فیصد، سندھ کو 24 فیصد، خیبر پختونخوا کو 14 فیصد اور بلوچستان کو 9 فیصد حصہ دیا جائے گا. جبکہ اسلام آباد، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کو آبادی کے اعدادوشمار کے مطابق حصہ فراہم کیا جائے گا. مزید بتایا گیا ہے احساس لیبر پورٹل کے ذریعے اس امداد کے حصول کیلئے درخواستیں وصول کی جائیں گی اور پھر بعد ازاں کامیاب درخواست گزاروں کو بی آئی ایس پی کی ادائیگی کے موجودہ طریقہ کار کے تحت ہی 12 ہزار روپے فی کس فراہم کیے جائیں گے. یوں مزدور طبقے میں عید سے قبل 75 ارب روپے کی رقم تقسیم کی جائے گی. یہاں واضح رہے کہ حکومت اس سے قبل ہی مزدور اور ضرورت مند طبقے میں 100 ارب روپے سے زائد کی رقم تقسیم کر چکی ہے.

..


Top