سعودی عرب میں کورونا مریضوں کی یومیہ تعداد بڑھنے لگی

ریاض (قدرت روزنامہ) سعودی عرب میں کورونا مریضوں کی یومیہ تعداد بڑھنے لگی، مملکت میں مزید 1362 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے، گزشتہ 24 گھنٹے میں7 مریض انتقال کرگئے جبکہ مزید 210 مریض مکمل صحت یاب ہوگئے ہیں .  سعودی وزارت صحت کے مطابق سعودی عرب میں کورونا مریضوں کی تعداد گزشتہ 3 روز سے یومیہ 1300 سے زیادہ رہی ہے .

اس سے قبل مریضوں کی یومیہ تعداد 1200 سے زیادہ تھی. مریضوں کی یومیہ تعداد میں گزتشہ تین دنوں سے ٹھہراؤ کی وجہ مئوثر اقدامات اور عوام کا تعاون شامل ہے. سعودی عرب میں آج مزید 1362 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس سے مملکت میں کورونا وائرس کے مجموعی مریضوں کی تعداد 25459 ہوگئی ہے. اسی طرح گزشتہ24 گھنٹے میں مزید7 مریض جو کہ تشویشناک حالت میں تھے وہ انتقال کرگئے ہیں، جس سے اموات کی مجموعی تعداد 176 ہوگئی ہے. اسی طرح سعودی عرب میں کل صحت یاب مریضوں میں مزید210 کا اضافہ ہوگیا ہے. جس سے مجموعی صحت یاب مریضوں کی تعداد 3765 ہوگئی ہے. اس کے ساتھ ہسپتالوں میں زیرعلاج ایکٹو مریضوں کی کل تعداد 21694 رہ گئی ہے. دوسری جانب سعودی عرب میں کورونا کی وباء کے دوران 3 ہزار فیکٹریاں معمول کے مطابق کام جاری رکھے ہوئے ہیں. وزارت صنعت و معدنیات کے ترجمان مازن الحماد نے بتایا ہے کہ کورونا کی وبا کے زمانے میں بھی تین ہزار سعودی فیکٹریاں دن رات کام جاری رکھے ہوئے ہیں اور یہ کھانے پینے کی اشیا، ادویات اور صحت آلات تیار کررہی ہیں. اسی وجہ سے انہیں استثنی دیا گیا تھا. مازن الحماد نے بتایا کہ 3 ہزار فیکٹریوں میں سے 7 فیکٹریاں مصنوعی تنفس کے آلات تیار کررہی ہیں. مصنوعی تنفس کی مشین پر ایک ہسپتال میں تجربہ کیا جارہا ہے. ترجمان نے مزید کہا کہ تین ہزار سے زیادہ فیکٹریاں 2500 سے زیادہ مختلف اشیا بنا رہی ہیں. ہر ہفتے 20 لاکھ لیٹر سے زیادہ جراثیم کش محلول تیار کیا گیا ہے. الحماد نے بتایا کہ وزارت صنعت کی کنٹرولر ٹیمیں فیکٹریوں کے ملازمین کے حوالے سے 24 گھنٹے تفتیشی دورے کرتی رہیں .

..


Top