single photo

سیاچن: برفانی تودے کی زد میں آکر 4بھارتی فوجیوں سمیت 6افراد ہلاک

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) دنیا کا بلند ترین فوجی محاذ تصور کیے جانے والے سیاچن میں برفانی تودہ گرنے سے کم از کم 4 بھارتی فوجیوں سمیت 6 افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے . خطہ ہمالیہ میں پیر کو بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں سیاچن کے مقام پر تقریباً 18ہزار فٹ کی بلندی پر بھارتی فوج کے دستے گشت کر رہے تھے کہ برفانی تودے کی زد میں آ گئے .

بھارتی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ ان فوجیوں کی تلاش میں ریسکیو مشن شروع کیا گیا جس کے بعد فوجیوں سمیت 8 افراد کو نکال کر ہسپتال منتقل کردیا گیا. فوجی ترجمان کرنل راجیش کالیا نے بتایا کہ انتہائی کوششوں کے باوجود ہم چار بھارتی فوجیوں اور دو چوکیداروں کو بچانے میں ناکام رہے. فوج کے ایک اور ترجمان کرنل ابھینو نونیت نے کہا کہ حادثے میں بچ جانے والے دو بھارتی فوجیوں کا علاج جاری ہے. انہوں نے مزید بتایا کہ ایک بھارتی فوجی چوکی بھی برفانی تودے کی زد میں آئی لیکن اس کے نتیجے میں کسی قسم کی ہلاکت کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی.

بھارت وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور اپنی ٹوئٹ میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کو سلام پیش کیا. خیال رہے کہ ہندوستان کے قبضے میں سیاچن گلیشیئر کا سب سے بلند حصہ ہے جس کی بلندی 23،000 فٹ ہے اور اب تک برفانی تودے کی زد میں آ کر سینکڑوں بھارتی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں. ہندوستانی وزیر دفاع نے 2016 میں اعداد وشمار پیش کرتے ہوئے بتایا تھا کہ 'گزشتہ 32 سالوں میں سیاچن گلیشیئر پر 915 افراد ہلاک ہوئے، اس طرح سالانہ 28 افراد ہلاک ہوئے. سیاچن پر گزشتہ 3 دہائیوں کے دوران پاکستان اور ہندوستان کے 2000 سے زائد فوجی جان کی بازی ہار چکے ہیں جن میں سے بیشتر انتہائی اور ناقابل پیش گوئی موسمی تبدیلیوں کے باعث ہلاک ہوئے. یہ بھی یاد رہے کہ ایک بار پھر سیاچن گلیشیئر کو فوج سے پاک کرنے کا تصور پیش کیا گیا تھا تاہم ہندوستان نے مناسب حدود کے تعین اور موجودہ پوزیشن برقرار رکھنے کی تجویز پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث اس سے انکار کردیا.

..

Top