افغان صوبہ لوگر میں امریکی فوج کی بمباری ،افغان نیشنل آرمی کے چار اہلکار ہلاک ،چھ زخمی

کابل (قدرت روزنامہ) پاک افغان سرحد پر واقع افغان صوبہ لوگر میں امریکی فوج کی بمباری کے نتیجے میں افغان نیشنل آرمی کے چار اہلکار ہلاک اور چھ زخمی جبکہ خوست میں بارودی سرنگ کی زدمیں آکر چار پولیس اہلکارہلاک اور تین دیگرزخمی ہوگئے . سرحدپار سے موصولہ اطلاعات اورافغان میڈیا کے مطابق پیر کی شب پاک افغان سرحد پر واقع افغان صوبہ لوگر کے دارالخلافہ پل عالم کے نواح میں واقع ایک فوجی چیک پوسٹ پر امریکی فوج نے بمباری کی جس کی زدمیں آکر افغان نیشنل آرمی کے چار اہلکار ہلاک اور چھ دیگر شدیدزخمی ہوگئے .

صوبائی پولیس سربراہ شاہ پور احمد کے مطابق امریکی فوج نے غلطی سے افغان فوجی چوکی کو نشانہ بنایا. ادھر امریکی فورس کے ترجمان نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان فوج کے ساتھ مل کرواقعہ کی مشترکہ تحقیقات کی جارہی ہیں.

دریں اثناء افغانستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق پاک افغان سرحد پر واقع افغان شمالی صوبہ خوست کے ضلع علی شیرمیں سڑک کنارے نصب بم کی زدمیں آکر ایک پراسیکیوٹراور تین پولیس اہلکاروں سمیت چار افراد ہلاک ہوگئے.صوبائی گورنر کے ترجمان طالب مینگل کے مطابق اس واقعہ میں تین دیگر پولیس افسر زخمی بھی ہوگئے جن میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے.اس واقعہ کے بارے میں تاحال کسی تنظیم یا گروپ نے کوئی ذمہ داری نہیں لی ہے.

..


Top