single photo

حضور نبی کریم ﷺ کی میلاد پاک کی برکات سے ساری کائنات جگمگا رہی ہے

      راولپنڈی(قدرت روزنامہ)دربارِ عالیہ عیدگاہ شریف کے سجادہ نشین پیر محمد حسا ن حسیب الرحمن نے کہا ہے کہ حضور نبی کریم ﷺ کی میلاد پاک کی برکات سے ساری کائنات جگمگا رہی ہے اور ہر طرف خوشی و مسرت کی بہاریں ہیں . محفلِ میلادِ مصطفی ﷺ وہ عظیم الشان محفل ہے جس کا انعقاد سب سے پہلے آسمانوں پر خود ربِ رحمان نے کیا اور جس میں انبیاء علیہ السلام جیسی خواص ہستیوں کو حضور نبی کریم ﷺ کی زیارت کر وا کے حکم فرمایا کہ آپ میں سے کسی کی نبوت بامِ عروج پر ہو اور میرے حبیب ﷺ تشریف لے آئیں تو آپ پر عین فرض ہے کہ سب کچھ چھوڑ کر میرے حبیب ﷺ کی اتباع کریں .

محافلِ میلاد و نعت پاک جیسی خوبصورت محفلیں اللہ تعالیٰ کی رضا و خوشنودی کے حصول کا بہترین ذریعہ، گناہوں کی بخشش اور درجات کی بلندی کا باعث ہیں.حضرت صدیقِ اکبر ؓ فرماتے ہیں کہ میلاد النبی ﷺ کی خاطر ایک درہم خرچ کرنے والا جنت میں میراہمسایہ ہو گا اور اس کو میں اپنے ساتھ جنت میں لے کر جاوٗں گا. وہ پنڈ دادن خان کے مقام پر منعقدہ ایک عظیم الشان محفلِ میلادِ مصطفیٰ ﷺ سے خطاب کر رہے تھے جس میں ہزاروں کی تعداد میں عاشقانِ رسول ﷺ ، کثیر تعداد میں علمائے کرام و مشائخِ عظام، عوام الناس اور وابستگانِ عید گاہ شریف نے شرکت کی. اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیر محمد نقیب الرحمن نے کہا کہ بیت اللہ شریف ہمارے سروں اور گنبدِ خضراء ہمارے دلوں کا قبلہ ہے. مُحسنِ اعظم ﷺ کی آمد پاک پر ہر طرف رنگ و نور کا سماں اور خوشی اور فرحت کی کیفیات جاری و ساری ہیں جو درحقیقت روحانی خوشی کا باعث ہیں. حضور نبی کریم ﷺ کے میلاد پاک پر خوشیاں منا کر ہم ربِ کریم کے احسانِ عظیم کا شکر بجا لاتے ہیں کہ اس نے ہمیں اپنے حبیب ﷺ کا امتی بنایا. آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنا رخ ہر طرف سے پھیر کر اپنے روحانی مرکز مدینہ منورہ کی جانب کر لیں تا کہ دین و دنیا میں سر خرو ہو سکیں. محفل کا اختتام درود و سلام کے بعد پیر محمد نقیب الرحمن کی امتِ مسلمہ و وطن عزیز کی خوشحالی، سلامتی، ترقی اور افواجِ پاکستان کی سر بلندی کے لئے خصوصی دعا پر ہوا.

..

Top