single photo

سعودی نوجوانوں نے کویتی فوجی کو زخمی کر دیا، فرار ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار

کویت(قدرت روزنامہ) کویتی اخبار ’الراعی‘ کی جانب سے خبر دی گئی ہے کہ تین سعودی کم سن لڑکوں کو ایک کویتی فوجی اہلکار کے ساتھ جھگڑا کرنے اور پھر اس پر تیز دھار آلے سے حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا . تفصیلات کے مطابق 3 سعودی لڑکے جن کی عمریں 19 سال، 17 سال اور 16 سال تھیں .

تفریح کی غرض سے اپنی کار پر سعودی عرب سے کویت روانہ ہوئے. جب وہ کویت میں داخلے کے لیے السالمی کی زمینی چوکی پر پہنچے تو وہاں اُن کی ڈیوٹی پر تعینات ایک کویتی اہلکار سے کسی بات پر تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد ایک سعودی لڑکے نے طیش میں آ کر گاڑی میں سے کوئی تیز دھارآلہ نکالا اور کویتی اہلکار پر حملہ کر دیا. کویتی ذرائع کے مطابق کویتی اہلکار نے امیگریشن کے عمل کے دوران سعودی لڑکوں سے دستاویزات مانگے

تو انہوں نے آگے سے خراب زبان استعمال کی. اسی بات پر دونوں جانب میں تلخ کلامی ہو گئی جو پھر بڑھتے بڑھتے باقاعدہ لڑائی جھگڑے میں بدل گئی. ایک نوجوان نے گاڑی سے تیز دھار آلہ نکال کر کویتی اہلکار کو زخمی کر دیا. اور پھر وہاں سے واپس سعودی عرب کی جانب فرار ہونے کی کوشش کی تاہم موقع پر موجود دیگر اہلکاروں نے ان نوجوانوں کی جانب سے گاڑی بھگانے کی کوشش ناکام بنا دی. تینوں نوجوانوں کو گرفتار کر کے مقامی پولیس چوکی کے حوالے کر دیا گیا اور ان کے خلاف سرکاری ملازم پر دورانِ ڈیوٹی حملہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا. کویتی ذرائع کے مطابق تینوں نوجوانوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے.

..

Top