single photo

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے چکوال میں ضلع چکوال اور ضلع جہلم کیلئے صحت انصاف کارڈ پروگرام کا افتتاح کردیا

      اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آج چکوال میں ضلع چکوال اور ضلع جہلم کیلئے صحت انصاف کارڈ پروگرام کا افتتاح کیا . وزیراعلیٰ نے چکوال اورجہلم کے مستحق افراد میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کئے .

ضرور پڑھیں: عدالت کا وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے بھائی کی ترقی روکنے کا حکم

قبل ازیں وزیراعلیٰ نے چکوال کے لئے مختلف منصوبوں کا افتتاح کیا اورسنگ بنیاد رکھا.وزیراعلیٰ نے گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین بھاگوال کا افتتاح کیا.یہ کالج 11کروڑ 18 لاکھ روپے سے تعمیر کیا گیا ہے.وزیراعلیٰ نے ڈھوک ٹاہلیاں جھیل میں انٹرٹینمنٹ پارک اور واٹر سپورٹس کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا. انٹرٹینمنٹ پارک اور واٹر سپورٹس کے منصوبے پر 10 کروڑ روپے لاگت آئے گی. وزیراعلیٰ نے گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج چکوال کے بی ایس بلاک کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا.بی ایس بلاک کی تعمیر پر 16 کروڑ روپے لاگت آئے گی. وزیراعلیٰ نے چکوال کی دھارابی جھیل میں ریزارٹ اور رابطہ سڑک کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا.یہ منصوبہ 8 کروڑ روپے سے مکمل ہوگا. وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چکوال میں منصوبوں کے افتتاح اورچکوال و جہلم کے مستحق افراد میں صحت انصاف کارڈ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج عوام کی خدمت کے ایک اور وعدہ پورا ہونے پر اطمینان محسوس کررہاہوں.صحت انصاف کارڈ مستحق افراد کیلئے مفت علاج کا بہت بڑا پروگرام ہے اوراس کارڈ کے ذریعے مستحق افراد 7 لاکھ 20 ہزار روپے تک کا علاج کرا سکتے ہیں جبکہ ضرورت پڑنے پر یہ رقم دوبارہ بھی مستحق افراد کو دی جائے گی.رواں برس تک صحت انصاف کارڈ کے ذریعے صوبے کے سوا 3کروڑ افراد مستفید ہوں گے اوراس کارڈ کے ذریعے صوبے کی مجموعی آبادی کے30فیصد حصے کو بہترین ہیلتھ کور فراہم کیا جائیگا.صحت انصاف کارڈ ہولڈر ایمرجنسی سمیت 8بڑی بیماریوں کا علاج کروا سکے گا.ضلع چکوال کے 4لاکھ 36ہزار سے زائدافراد صحت انصاف کارڈ سے مستفید ہوں گے اورضلع کی 29فیصد آبادی کو ہیلتھ کورفراہم کیا جائے گاجبکہ ضلع جہلم میں 27فیصد آبادی کو ہیلتھ کور حاصل ہوگا اور ضلع جہلم کے 3لاکھ30ہزار سے زائد افراد صحت انصاف کارڈ سے مستفید ہوں گے.وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ایک برس کے دوران ہسپتالوں میں 9 ہزار بیڈز کا اضافہ کیا ہے. ہماری حکومت صوبے میں 9 نئے ہسپتال بنا رہی ہے جبکہ گزشتہ 26 برس سے کسی حکومت نے نئے ہسپتال بنانے پر توجہ نہیں دی. ہیلتھ کے بجٹ میں 30 فیصد ریکارڈ اضافہ کیا ہے. چکوال کیلئے رواں سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں 99 ترقیاتی منصوبے شامل ہیں اوران منصوبوں کی تکمیل پر ساڑھے26ارب روپے سے زائدصرف ہوں گے. میں نے آج گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین بھاگوال کا افتتاح کیا ہے جبکہ ڈھوک ٹاہلیاں جھیل میں انٹرٹینمنٹ پارک اور واٹر سپورٹس کے منصوبے، گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج چکوال کے بی ایس بلاک کی تعمیر کے منصوبے اورچکوال کی دھارابی جھیل میں ریزارٹ اور رابطہ سڑک کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا ہے.انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت، خوشحالی،فلاح وبہبود اورترقی کے عہد کو ہر قیمت پر نبھائیں گے. چکوال کو اپنے گھر کی طرح سمجھتا ہوں،اسے ترقی کے سفر میں شامل کریں گے.چکوال کی ایک ایک تحصیل میں جا کر مسائل کا خود جائزہ لوں گا.وزیراعلیٰ نے لاوا میں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال تعمیر کرنے کے منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ 10 برس گزر گئے لیکن تحصیل لاوا میں ہسپتال نہیں بن سکا. ماضی کی حکومت نے تحصیل لاوا کے عوام کیساتھ ہسپتال نہ بنا کر زیادتی کی.وزیراعلیٰ نے چکوال میں نیا ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بنانے کابھی اعلان کیااورکہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال چکوال کی حالت اچھی نہیں. ہم چکوال میں نیا ڈی ایچ کیو ہسپتال بنائیں گے.انہوں نے کہاکہ چکوال میں یونیورسٹی کے قیام کا بل منظور ہو گیا ہے، دوبارہ یہاں آ کر سنگ بنیاد رکھوں گا. وزیراعلیٰ نے پنجاب میں 100 تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالو ں کی ایمرجنسیز کو اپ گریڈ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان 100 تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں ٹراما کی سہولت بھی میسر ہوگی.انہوں نے کہا کہ چکوال میانوالی روڈ کو 2 رویہ بنانے کے منصوبے کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کر لیا گیا ہے. پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت 8 ارب روپے چکوال میانوالی روڈ کیلئے مختص کئے گئے ہیں.ترقی کا سفر جاری رہے گا.جتنے پراجیکٹس کا اعلان کیا ہے انکی نگرانی خود کرونگا.راجن پور سے صحت انصاف کارڈ کا آغاز کیااور آج ہم چکوال اورجہلم کیلئے یہ کارڈز فراہم کررہے ہیں. اب صحت انصاف کارڈ کا پروگرام 30 اضلاع میں شروع ہوچکا ہے. صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پینل پر شامل نجی ہسپتالوں میں 15ہزار بیڈزشامل کیے جائیں گے.صحت انصاف کارڈ کیلئے مخصوص شکایت سیل بنائیں گے.صحافیوں اورریٹائرڈورکرز کو بھی صحت کارڈ دیں گے.انہوں نے بتایا کہ صحت انصاف کارڈ کے ذریعے راجن پور کے 100افراد دل کے آپریشن کراچکے ہیں.صوبائی وزیر معدنیات عمار یاسرنے کہا کہ امید ہے کہ عثمان بزدار دیرینہ مسائل حل کریں گے کیونکہ وہ انتہائی محنت سے صوبے کے عوام کی خدمت کررہے ہیں.صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کا شہیدوں کی سرزمین پر خیر مقدم کرتے ہیں.صوبائی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد، یاسر ہمایوں، عمار یاسر، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سالک حسین،سردار ذوالفقار، آفتاب اکبر، یاور کمال، فوزیہ بہرام، آسیہ امجد،سیکرٹریز سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن،کھیل و سیاحت،کمشنرراولپنڈی اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے.وزیراعلیٰ سے پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری عامر محمود کیانی کی ملاقات:وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری عامر محمود کیانی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی، فلاح عامہ کے منصوبوں اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا. وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف ملک کی ہر دلعزیز جماعت بن چکی ہے.پارٹی کے کارکن قیمتی سرمایہ ہیں، کارکنوں کو ان کاجائز مقام دیں گے اور انکے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائینگے. کارکنوں کیلئے وزیراعلیٰ آفس کے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں. انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے آخر حد تک جائے گی. صوبائی وزراء کو بھی مہنگائی پر قابوپانے کیلئے فیلڈ وزٹ کی ہدایت کر دی ہے اور عوام کو ریلیف کے کاموں کی میں خود نگرانی کررہا ہوں.وزیراعلیٰ نے کہا کہ راولپنڈی کیلئے اربوں روپے کے منصوبے شروع کئے ہیں. ماضی کی طرح پیسہ نمائشی منصوبوں پر ضائع نہیں کیا. سابق دور میں نمائشی منصوبوں پرسرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیاگیا اور ان نمائشی منصوبوں کا فائدہ عوام کو نہیں پہنچا.انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے عوام کو بنیادی ضروریات کی فراہمی پر فوکس کیا ہے اور چیلنجز پر قابو پانے کیلئے دن رات ایک کئے رکھا.ذ ہنی صحت کے عالمی دن پر پیغام: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ذ ہنی صحت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تندرست زندگی کا براہ راست تعلق صحت مند دماغ سے ہے. غربت، بیروزگاری اور معاشی مسائل کے باعث ذہنی امراض میں مبتلا افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے. موبائل فون اور کمپیوٹر کا بے تحاشا اور غیر معمولی استعمال بھی ذہنی بگاڑ کا باعث بن رہا ہے. انہوں نے کہا کہ قانون فطرت سے ہٹ کر زندگی گزارنے سے ذ ہنی امراض لاحق ہونے کے خدشات میں اضافہ ہوتا ہے جبکہ میانہ روی اور اعتدال کے ساتھ زندگی بسر کرنے سے ذہنی صحت برقرار رہتی ہے. جسمانی ورزش، تفریحی سرگرمیاں اور اچھا ماحول دماغی صحت کیلئے ضروری ہیں. انہوں نے کہا کہ ذہنی امراض میں مبتلا افراد کی بحالی کیلئے اقدامات حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں. ذہنی امراض میں مبتلا افراد کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں. انہوں نے کہا کہ ذہنی صحت کا دن منانے کا مقصد عوام میں ذ ہنی بیماریوں سے بچاؤ او راحتیاطی تدابیر کا شعور پیدا کرنا ہے اور آج عزم کرنا ہے کہ ذ ہنی امراض میں مبتلا افرادکے علاج معالجے و بحالی کیلئے مربوط انداز میں کوششیں جاری رکھیں گے.روزنامہ جنگ کے ڈپٹی چیف رپورٹرامتیاز راشد کے انتقال پراظہار تعزیت:وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے روزنامہ جنگ کے ڈپٹی چیف رپورٹرامتیاز راشد کے انتقال پر دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے.وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے.وزیراعلیٰ نے مرحوم کی صحافت کے میدان میں خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ امتیاز راشد مرحوم کہنہ مشق صحافی تھے اورمرحوم کی صحافتی خدمات کو بھلایا نہیں جاسکتا.

..

ضرور پڑھیں: شاندار خبر : عمران خان کا انتخاب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار جلد بھکر اور میانوالی کے عوام کو کیا خوشخبری سنانے والے ہیں ؟ دو روز قبل ملاقات کرنے والے کالم نگار نے بریکنگ نیوز دے دی

Top